لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت کے پوش علاقہ گلبرگ میں ایلیٹ کلاس کی خواتین نامور برانڈ کے سستے ملبوسات کے حصول کےلئے آپس میں گتھم گتھا ہو گئیں، خریداری کےلئے آئی ہوئی دیگر خواتین کے ناکام رہنے پر مرد منتظمین کو بیچ بچاﺅ کےلئے میدان میں آنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق خواتین کے ملبوسات تیار کرنے والے ایک نامور برانڈ کی طرف سے جمعہ کے روز کےلئے پچاس فیصد ڈسکاﺅنٹ کی موبائل پر تشہیر کی گئی تھی ۔ نامور برانڈ کے انتہائی مہنگے ملبوسات آدھی قیمت پر خریدنے کی خواہشمند ایلیٹ کلاس سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ایک بڑی تعداد صبح آٹھ بجے پہنچ ایم ایم عالم روڈ گلبرگ پہنچ گئیںجب مقررہ وقت پر سٹور کو کھولا گیا تو خواتین دھکم پیل کرتے ہوئے اندر داخل ہو گئیں اور ملبوستان کی تعداد محدود ہونے پر دو خواتین آپس میں الجھ پڑیں اور نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی ۔دونوں طرف سے ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کے ساتھ بال بھی نوچے گئے ۔ خریداری کے لئے آئی ہوئی دیگر خواتین بیچ بچاﺅ کی کوششیں کرتی رہیں لیکن ناکام رہی اور جھگڑا مزید طول پکڑ گیا جس پر مرد منتظمین کو میدان میں آنا پڑا۔ دونوں خواتین ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتی رہیں۔ اس موقع پر کئی خواتین جھگڑے کی اپنے موبائل کے ذریعے ویڈیو بھی بناتی رہیں۔