اسلام آباد(نیوزڈیسک)عمران خان نے اسلام آباد میں جلسہ کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ،الیکشن کمیشن نے عمران خان کاجلسہ ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ حکام الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں عمران خان کاجلسہ ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے،الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق 19 اکتوبرکوجاری کرچکاہے۔ حکام الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق کےتحت بلدیاتی انتخابات کےلیےجلسہ عام یاجلوس کی اجازت نہیں،بلدیاتی انتخابات میں امیدوارصرف کارنرمیٹنگ کرسکتےہیں،کارنرمیٹنگ کےلیےبھی مقامی انتظامیہ سےپیشگی اجازت لیناضروری ہے۔ وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزراء کے ساتھ ساتھ ارکان پارلیمنٹ انتخابی مہم میں بلاواسطہ یا بالواسطہ حصہ نہیں لےسکتے، ارکان پارلیمنٹ انتخابی مہم کے دوران کسی یونین کونسل یاوارڈ کادورہ نہیں کرسکتے، کسی امیدوارکی طرف سےضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی انتخابی بےضابطگی ہے۔ حکام الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آبادمیں عمران خان کے جلسے کا ڈی آراو بھی نوٹس لے چکاہے، ڈی آراوکےاحکامات کی خلاف ورزی پرالیکشن کمیشن بھی نوٹس لے سکتاہے۔ واضح رہے کہ عمران خان کوضلعی انتظامیہ نے اسلام آبادمیں جلسہ نہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے ۔