اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے‘ بیرون ملک مقیم اعلیٰ شخصیت کی رال ٹپکنے لگی‘وزارت بلدیات کیلئے بیرون ملک مقیم ایک سابق وزیر پھر بیتاب ہونے لگے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے ساتھ نجی منصوبوں کے نام پر کھلواڑ کیا جا رہا ہے منصوبے منظور ہونے کے باوجود اہم شخصیات کی وجہ سے التواءکا شکارہو گئے اور بیرون ملک میں مقیم ایک اعلیٰ شخصیت ان منصوبوں میں تاخیر کا باعث ہیں۔ فراہمی آب کا دس کروڑ گیلن اضافی پانی کا منصوبہ ابتدائی مراحل میں ہے اور اس پر 30ارب روپے لاگت آئے گی اور اس کے ٹھیکوں کیلئے بڑی دوڑ چل رہی ہے۔ ناصر حسین شاہ اربوں روپے میں ”حصے“ کی راہ میں قربان ہوئے۔ ناصر حسین شاہ کی خواہش تھی کہ ایف ڈبلیو او کو اگر پراجیکٹ دے دیا جائے تو یہ جنگی بنیادوں پر کم سے کم وقت میں مکمل ہو سکتا ہے مگر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ دبئی میں ایک سابق وزیر دوبارہ وزیر بلدیات کے لئے سرگرم ہیں ان کے ساتھ ا ن کے ایک سابق نگران وزیر بھی ہیں۔سیوریج کے منصوبے کی لاگت سات ارب سے بڑھا کر چالیس ارب روپے کر دی گئی ہے۔