اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ بھارت میں ایک نیا پاکستان بنائیں کیوں کہ وہاں پر اس طرح کے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ پاکستان ایک سنجیدہ اور ذمہ دار ملک ہے‘ کھیل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے منشور اور اس کے دھرنے سیاست کا برا منایا ہے اس لئے پی ٹی آئی کو چاہئے کہ وہ اپنی سیاست پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور سنجیدہ ملک ہے جبکہ بھارت میں مودی حکومت اپنی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس پورے خطے کو بدحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی اور وزیراعظم نواز شریف کس طرح کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں امتیازی سلوک اور تعصب کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں جو کرپشن ہوئی ہے اس میں صرف سیاست دان نہیں بلکہ جج اور صحافی بھی ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہیں ہو گا وہاں پر نظام صحیح طریقے سے کام نہیں کرتا ہے۔