دبئی(آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار باو¿لر جیمز اینڈرسن اور بلے باز آئن بیل نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں شرکت کی حامی بھر لی جب کہ انگلش کپتان الیسٹر کک معاملات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جیمز اینڈرسن اور بیل نے پی ایس ایل کے ساتھ معاہدے پر دستخظ کرکے شرکت کو یقینی بنادی ہے تاہم کپتان الیسٹر کک کی انتظامیہ سے بات چل رہی لیکن تا حال ان کی شرکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی نیلامی معاہدے کے تحت اگلے ماہ دسمبر میں ہوگی۔ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے صف اول کے کھلاڑیوں کی شرکت ان کے بین الاقوامی مقابلوں سے فراغت کے باعث ممکن ہوئی ہے، تاہم انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم میں شامل کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔جیمز اینڈرسن ورلڈ کپ 2015 کے بعد ایک روزہ ٹیم میں شامل نہیں رہے ہیں جب کہ آئن بیل کو جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث ان کی شر کت ممکن ہے۔انگلینڈ کے مشہور بلے باز کیون پیٹرسن پہلے ہی پی ایس ایل کھیلنے کی تصدیق کرچکے ہیں. ان کے علاوہ انگلینڈ کے لیوک رائٹ، مونٹی پنیسار، ٹم بریسنن، روی بوپارا،جیڈ ڈیرنباخ اور مائیکل کیر بری بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔پی ایس ایل کا انعقاد 4 سے 24 فروری 2016 تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا جس میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ پر مشتمل پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر 24 میچ کھیلے جائیں گے جس کی انعامی رقم ایک ملین ڈالر مختص کی گئی ہے۔