سرگودھا (نیوز ڈیسک) سرگودھا میں آپریشن کے دوران ڈاکٹر کی غفلت سے حالت غیر ہونے پر ہسپتال انتظامیہ نے مریضہ اور اس کے لواحقین کو باہرنکال دیا جس پر ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی۔ خوشاب روڈ پر واقع نجی ہسپتال میں صدیق آباد کے رہائشی محمد وقاص کی بیوی سونیا کو ڈلیوری کے لئے لایا گیا جہاں ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز جو کہ صحت کے شعبہ میں صوبائی کمیشن کی چیئرپرسن بھی ہیں نے، اس کا آپریشن کیا۔ اس دوران مبینہ طور پر غلطی سے مریضہ کی ایک نس کٹ گئی جس کے یکے بعد دیگرے مریضہ کے چار آپریشن ہوئے۔ اس کے باوجود اس کی حالت سنبھل نہ سکی اور اس کی انتڑیاں باہر نکل آئیں جس پر عملے کے ہاتھ پاؤں پھول گئے جنہوں نے مریضہ کو ریفر کر تے ہوئے ورثاء سمیت ہسپتال سے باہر نکلوا دیا جس پر ورثاء4 اور اہل محلہ جمع ہو گئے اور ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے خوشاب روڈ بلاک کر دی۔ اس دوران مظاہرین نے طیش میں آ کر ہسپتال پر دھاوا بول دیا اورپتھراؤ کر کے شیشے وغیرہ توڑ ڈالے۔ مظاہرین نے ڈاکٹر و عملہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ممکنہ کشیدگی کے باعث پولیس نفری طلب کر لی گئی۔