ڈھاکا(نیوزڈیسک) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کومیلا وکٹورینز نے چٹاگانگ وائکنز کو سات وکٹوں سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ مشرفی مرتضیٰ نے عامر کو زیر کر کے تمیم اقبال کو چیلنج بھی ہرا دیا۔پریمیئر لیگ کے آغاز سے قبل بنگلہ کرکٹ بورڈ کے اکیڈمی گراؤنڈ میں جاری ٹریننگ کے دوران تمیم اقبال اور مشرفی مرتضیٰ چند جملوں کا تبادلہ ہوا اور اسی دوران تمیم نے مشرفی کو چیلنج دیا۔تمیم نے کہا کہ جب تم بیٹنگ کرنے آؤ گے تو میں عامر کو لاؤں گا اور اس سے کہوں گا کہ تمہارے پیروں پر گیند مارے۔جس پر مشرفی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو لے کر آنا، میں اس کی گیند پر گراؤنڈ سے باہر چھکا ماروں گا۔اس کے بعد تمیم نے دوبارہ ان کے پیروں کی جانب اشارہ کیا جس کے بعد دونوں کھلاڑی اپنی اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاس ٹریننگ کیلئے چکے گئے۔منگل کو ہونے والے میچ میں مشرفی نے 32 گیندوں پر 56 رنز کی اننگ کھیلی اور عامر کو چوکا جڑ کر اپنی ٹیم کو سات وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ چیلنج بھی جیت لیا۔اس میچ میں عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں لیکن وہ 69 رنز بنانے والے مارلن سیمیولز اور مشرفی کی پیش قدمی نہ روک سکے۔مشرفی نے کہا کہ یہ میری اب تک کی سب سے بہترین بیٹنگ اننگ تھی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں