لاہور(نیوزڈیسک) پیپلز پارٹی کی قیادت آج کل مخدوم امین فہیم کی رحلت کے بعد پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کیلئے ان کے متبادل کی تلاش میں پارٹی کے اہم رہنمائوں کے ناموں پر غور کررہی ہے جن میں یوسف رضا گیلانی، آفتاب شعبان میرانی، قائم علی شاہ اور خورشید شاہ شامل ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ متبادل کا فیصلہ فوری نہ ہونے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایسے شخص کو تلاش کیا جارہا ہے جس کی پارٹی سے وفاداریاں امین فہیم جیسی ہی ہوں۔ نوائے وقت کے سوال پر پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وہ اس عہدے کیلئے امیدوار نہیں اور جن لوگوں کے نام پر غور ہورہا ہے ان کی پارٹی سے وفاداری کے حوالے سے کوئی دو آراء نہیں ہیں۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے تین نائب صدور میر باز خان کھیتران، خانزادہ خان، شیری رحمان میں سے شیری رحمان کو مخدوم امین فہیم کی جگہ قائم مقام صدر مقرر کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل ہیں۔