اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے اقتصادی راہداری منصوبے پر تحفظات دور نہیں کئے، اقتصادی راہداری منصوبہ متنازع نہ بنایا جائے، کسان پیکیج پر صرف پنجاب کی حد تک عملدرآمد ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے شاہ محمود قریشی کی سربرائی میں پی ٹی آئی کے وفد نے ملاقات کر کے قومی اسمبلی میں امتیازی سلوک پرتحفظات سے آگاہ کیا، ملاقات میں موثراپوزیشن کا کردار ادا کرنے سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو کی گئی، پی ٹی آئی وفد میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور عارف علوی شامل تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈرشاہ محمود قریشی نے کہاکہ حکومت نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے پر تحفظات دور نہیں کئے، اقتصادی راہداری منصوبہ متنازع نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسان پیکیج پر صرف پنجاب کی حد تک عملدرآمد ہو رہا ہے۔