اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانوی حکومت نے پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے والے تارکین وطن کی ملک بدری کا عمل تیز کرنے کے لیے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت ناکام پناہ گزینوں کو ملک بدر کرنے سے پہلے پانچ روز کا نوٹس دینے کی لازمی شرط ختم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ مجوزہ تبدیلی کے بعد ہوم آفس کو پیشگی اطلاع دیے بغیر ایسے افراد کو ملک سے نکالنے کا اختیار حاصل ہوگا۔نئے ضوابط کے تحت جن افراد کی پناہ کی درخواست مسترد ہوچکی ہو اور اپیل کا قانونی مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہو، انہیں فوری طور پر ملک بدر کیا جاسکے گا۔ برطانوی حکومت کے مطابق ہوم آفس کو چھ ماہ تک پیشگی نوٹس کے بغیر ملک بدری کی کارروائی کرنے کا اختیار دینے کی تجویز ہے۔حکومتی مؤقف ہے کہ ملک بدری سے پہلے نوٹس جاری کرنے کے باعث بعض تارکین وطن آخری وقت میں اپیلیں دائر کردیتے ہیں، جس سے انہیں ملک بدر کرنے کا عمل تاخیر کا شکار ہوجاتا ہے۔
وزیر داخلہ شبانہ محمود امیگریشن اینڈ اسائلم بل میں ترمیم کے ذریعے یہ تبدیلی متعارف کرائیں گی۔ہوم آفس کا کہنا ہے کہ ڈنمارک میں اسی نوعیت کی پالیسی نافذ کیے جانے کے بعد ملک بدری کے منتظر تارکین وطن کی تعداد پانچ سال کے دوران نصف سے بھی کم ہوگئی تھی۔دوسری جانب پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’ریفیوجی کونسل‘ نے برطانوی حکومت کی مجوزہ قانون سازی پر تنقید کرتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔



















































