اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کراچی میں غیر ملکی اسمگل شدہ ادویات کی غیر قانونی فروخت اور ترسیل کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں دل کی بیماری، نیند اور مرگی کے علاج میں استعمال ہونے والی اسمگل شدہ ادویات مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ڈریپ کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق کراچی میں برطانیہ اور اٹلی میں تیار ہونے والی بعض ادویات غیر قانونی طور پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ سینٹرل ڈرگ لیبارٹری (سی ڈی ایل) کراچی نے غیر ملکی ادویات کے تین نمونوں کو غیر قانونی قرار دیا ہے، جس کے بعد ڈریپ نے ان کے حوالے سے تین ریپڈ الرٹس جاری کر دیے ہیں۔اتھارٹی کے مطابق فلیکینائیڈ ایسیٹیٹ ٹیبلٹ کا بیچ نمبر ایف ڈی اے جی 020 غیر رجسٹرڈ پایا گیا ہے۔
برطانیہ میں تیار ہونے والی یہ دوا دل کی بے ترتیب دھڑکن کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اسی طرح موڈافینل 200 ملی گرام ٹیبلٹ کا بیچ نمبر ایم ڈی ایس بی25008 اے بھی اسمگل شدہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ دوا بھی برطانوی ساختہ ہے اور نیند سے متعلق بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتی ہے۔ڈریپ نے اطالوی ساختہ مائیسولین 250 ملی گرام ٹیبلٹ کے بیچ نمبر 4626 کو بھی غیر رجسٹرڈ قرار دیا ہے۔ یہ دوا مرگی کے مرض کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ڈریپ کے مطابق ان غیر قانونی ادویات کے معیار، افادیت اور محفوظ ہونے کی کوئی مستند ضمانت موجود نہیں، اس لیے ان کا استعمال انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔اتھارٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اسمگل شدہ ادویات کی ترسیل میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے متعلقہ بیچز قبضے میں لیے جائیں۔ فارمیسیوں اور میڈیکل اسٹورز کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ ان ادویات کی فروخت فوری طور پر بند کریں اور موجود اسٹاک واپس کریں۔



















































