اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے امکانات روشن ہونے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی ہے،
جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں گزشتہ دو ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔عالمی منڈی میں برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت کم ہو کر 92.57 ڈالر فی بیرل رہ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) بھی کمی کے بعد 86.85 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوتا رہا۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے مربن خام تیل کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 99 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔
تیل کی قیمتوں میں کمی کی اہم وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وہ بیان قرار دیا جا رہا ہے جس میں انہوں نے ایران کے خلاف مزید حملوں کے امکانات کو کم بتایا۔ اس بیان کے بعد سرمایہ کاروں میں پائے جانے والے خدشات میں کمی آئی، جس کا اثر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر پڑا۔



















































