اسلام آباد( این این آئی)وفاقی دارالحکومت میں فراڈ کا شکار ہوکر خودکشی کرنے والی یونیورسٹی کی گولڈ میڈلسٹ لڑکی کے کیس کو پولیس نے کلوز کردیا
جس کے بعد دیگر متاثرہ لڑکیاں بھی سامنے آگئی اور انہوں نے انصاف کی اپیل کی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق لائبہ کیس کے مرکزی ملزم کی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ہلاکت کے بعد پولیس نے کیس کو کلوز کردیا جبکہ ملزم کے فراڈ کی شکار دیگر لڑکیاں تاحال اپنی رقم برآمدگی کی منتظر ہیں۔متاثرہ لڑکیوں نے اپیل کی ہے کہ اگر ملزم مارا جاچکا ہے تو ہم انصاف کس سے مانگیں، کیا ہمیں بھی انصاف لینے کیلئے مرنا پڑے گا؟۔
متاثرہ لڑکیوں نے مریم نواز اور محسن نقوی سے انصاف اور نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا جاچکا ہے جبکہ اس کیس میں کوئی شریک ملزم نہیں تھا اس لیے فائل کو بند کیا جاچکا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانے میں درج مقدمے میں متاثرہ فیملی کی رقم بھی واپس کی جاچکی ہے ۔



















































