اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قلت سنگین صورت اختیار کر گئی ہے،
جس کے باعث گھریلو صارفین اور کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق لاہور میں ایل پی جی کی قیمت 600 سے 650 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں یہی گیس 700 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے۔ قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں گیس کی عدم دستیابی نے بھی شہریوں کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث لاہور کے متعدد علاقوں میں دکانوں پر گیس کی قلت پیدا ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے بعض دکانداروں کو اپنا کاروبار بند کرنا پڑا ہے۔شہریوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بحران کا فوری نوٹس لے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے کے باعث ایل پی جی فروخت کرنے والے بعض عناصر من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں اور عوام کو مالی مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب ایل پی جی دکانداروں کا مؤقف ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیاں انہیں گیس مہنگے داموں فراہم کر رہی ہیں، جس کے باعث وہ بھی زیادہ قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی فراہمی معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔



















































