دبئی (نیوزڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ وہ 2019کے ورلڈ کپ تک ٹیم کھلنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی صحت اور فٹنس بہت بہتر ہے اور اس پر مزید توجہ دینے کےلئے ہی میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایک انٹرویو میں شعیب ملک نے کہاکہ کھیلنے کےلئے بہت محنت کر نا پڑتی ہے اگر آپ کچھ حاصل کر نا چاہتے ہیں تو اس کا واحد نسخہ محنت ہے اس لئے میں روزانہ ورزش اور ٹریننگ کرتا ہوں ۔ٹیم سے آﺅٹ رہنے کے باوجود بھی میں نے روزانہ ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا اگر ہم جسمانی طورپر فٹ ہونگے تو اپنے آپ اہداف حاصل کر سکتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے کہا کہ کرکٹ میرا جنون ہے میرے والد بھی چاہتے تھے کہ میں طویل عرصہ کھیلوں ۔آج وہ ہم میں موجود نہیں لیکن میں اپنے جذبے کی وجہ سے کھیلتا ہوں اور یہی جذبہ مجھے محنت کر نے پر بھی تیار کرتا ہے ۔جب میچ نہیں ہوتے تو میں روزانہ جم جاتا ہوں ۔شعیب ملک نے کہا کہ عام آدمی کو بھی معمول کی زندگی میں فٹ رہنے کےلئے ٹریننگ کر نا پڑتی ہے ہمیں تو زیادہ تربیت کی ضرورت ہوتی ہے ۔مقامی ہسپتال کے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں شعیب ملک نے کہا کہ یہ ہسپتال بہت خوبصورت ہے میں وہاں بھی لوگوں سے ملا تو ان سے خوشیاں بانٹنے کی کوشش کی اور مجھے بہت سکون ملا ۔