اسلا م آباد(نیوزڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کی ماہانہ تنخواہوں میں ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے،
جس کے بعد ان کی تنخواہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے سے بڑھ کر 3 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم کی سربراہی میں قائم فنانس کمیٹی نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ہر رکن اسمبلی کو اب ماہانہ 3 لاکھ روپے تنخواہ ملے گی۔ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق رواں سال یکم جولائی سے ہوگا۔ اس سلسلے میں فنانس کمیٹی کی جانب سے محکمہ خزانہ کو باضابطہ مراسلہ بھی بھجوا دیا گیا ہے،
جس میں فیصلے سے متعلق ضروری تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے قواعد کے مطابق ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے ایوان سے الگ منظوری حاصل کرنا لازمی نہیں ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار اسپیکر کی سربراہی میں قائم فنانس کمیٹی کو حاصل ہے۔اس فیصلے کے نتیجے میں صوبائی اسمبلی کے ہر رکن کی ماہانہ آمدن میں ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا اضافہ ہوگا، جبکہ نئی تنخواہ یکم جولائی سے نافذ العمل تصور کی جائے گی۔



















































