اسلام آباد (نیوز ڈیسک)برمودا سے امریکی شہر بوسٹن کے لیے روانہ ہونے والی ایئر ایمبولینس کا پرواز کے دوران رابطہ منقطع ہوگیا،
طیارے کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا گیا۔رپورٹس کے مطابق کینیڈین کمپنی کا گلف اسٹریم جی 100 میڈیکل جیٹ برمودا سے بوسٹن ایئرپورٹ کی جانب محو پرواز تھا، جس میں زیر علاج مریض سمیت مجموعی طور پر 6 افراد سوار تھے۔
طیارے کی گمشدگی کے بعد امریکی کوسٹ گارڈ نے میساچوسٹس کے ساحلی علاقوں اور نانٹکٹ کے قریب سمندری حدود میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے فضائی اور بحری ٹیمیں مشترکہ طور پر کارروائی میں حصہ لے رہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ ایئر ایمبولینس ایک مریض کو طبی بنیادوں پر منتقل کررہی تھی۔ امریکی مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 2 بجے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کا طیارے سے رابطہ ختم ہوگیا، جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو سرگرمیاں شروع کی گئیں۔واضح رہے کہ برمودا بحر اوقیانوس میں واقع برطانیہ کا نیم خود مختار بیرونِ ملک علاقہ ہے۔ برمودا کا نام مشہور برمودا ٹرائی اینگل سے جڑی پراسرار داستانوں کے باعث بھی دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔



















































