اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بلوچستان حکومت نے صوبے میں سرکاری ملازمتوں کے خواہشمند امیدواروں کے لیے عمر کی بالائی حد میں عمومی رعایت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے
نیا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔اعلامیے کے مطابق عام امیدواروں، معذور افراد اور شہدا کے قانونی ورثا کے لیے سرکاری نوکریوں میں درخواست دینے کی زیادہ سے زیادہ عمر 43 سال مقرر کردی گئی ہے۔حکومت کی جانب سے جاری فیصلے کے تحت ایسے سرکاری ملازمین بھی عمر میں خصوصی رعایت کے مستحق ہوں گے جنہوں نے مسلسل دو سال کی سرکاری ملازمت مکمل کرلی ہے۔ ان ملازمین کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 50 سال کردی گئی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق جن سرکاری آسامیوں کے لیے پہلے ہی زیادہ سے زیادہ عمر 43 سال سے کم مقرر ہے، ان پر نئی عمر کی رعایت لاگو نہیں ہوگی۔ ایسے امیدواروں کو اس حد سے مزید کسی اضافی رعایت کی سہولت بھی حاصل نہیں ہوگی۔حکام کے مطابق عمر کی بالائی حد میں دی گئی یہ عمومی رعایت نوٹیفکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے تین سال تک نافذ العمل رہے گی۔



















































