ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکار راہول رائے نے انکشاف کیا ہے کہ پیسوں کی ضرورت ہے اس لیے شادیوں میں رقص کرکے کماتا ہوں۔
بگ باس سیزن ون کے فاتح اور بھارتی اداکار راہول رائے نے حالیہ انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ 2020 میں برین اسٹروک کا شکار ہوئے جس کے بعد انہیں معاشی طور پر چیلنجز کا سامنا رہا۔جواب میں اداکار نے شادی کی تقریبات میں اپنی ڈانس ویڈیو پر ہونے والی تنقید سے متعلق بتایا اور کہا کہ مجھے اس پر کوئی شرمندگی نہیں، میرے اخراجات ہیں اور اس کیلئے مجھے پیسوں کی ضرورت ہے۔اداکار نے بتایا کہ 2020میں برین اسٹروک کے بعد میرے لیے کام کرنا مشکل تھا، جب سے اب تک میں اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے جو کرسکتا تھا میں نے کیا، میں شادیوں میں ڈانس کر کے 2 لاکھ یا 4 لاکھ روپے کما لیتا ہوں، مجھے ٹرول کرنے والے لوگ نہیں جانتے کہ مجھے پیسے چاہئیں۔
راہول رائے نے کہا کہ فالج نے میرے کیرئیر پر گہرا اثر ڈالا اور گزشتہ چند برسوں کا زیادہ تر وقت صحتیاب ہونے میں گزرگیا جس کے باعث میں اتنا کام نہیں کر سکا جتنا کرنا چاہتا تھا تاہم 60 سال کی عمر میں اپنی سلطنت دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔2022میں، طویل صحت یابی کے بعد، راہول رائے بڑی اسکرین پر واپس آئے لیکن اس بار معاون کرداروں میں۔ حالیہ برسوں میں راہول فیسٹیول کی پسندیدہ فلموں میں نظر آئے ہیں جیسے کنو بہل کی آگرہ اور نتن کمار گپتا کی واک ہے۔ اداکار اس وقت ممبئی میں مقیم ہیں۔



















































