لاہور (این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں دھواں چھوڑنے والی تمام سرکاری گاڑیاں فوری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت اجلاس میں منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں اسموگ کے خاتمے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فصلوں کی باقیات جلانے، آلودگی پھیلانے والے کارخانوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے والوں کو بھاری جرمانے اور ویسٹ برننگ میں ملوث ستھرا پنجاب کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں باربی کیو، فوڈ اسٹریٹس میں ماحولیاتی تحفظ کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹ سیل کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔



















































