اسلام آباد(این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مسائل کی وجہ سے ٹیم میں عدم شمولیت پر مبنی خبر کی تردید کردی۔ ایک انٹرویو میں ہارون الرشید نے کہاکہ احمد شہزاد کو اس لیے حتمی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ وہ جگہ بنانے میں ناکام رہے۔رپورٹ کے مطابق خبروں میں یہ بات گردش کررہی تھی کہ احمد شہزاد کو ہیڈ کوچ وقاریونس اور ٹیم انتظامیہ کے کچھ ارکان نے ون ڈے ٹیم سے باہر رکھا ہے کیونکہ وہ قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے تاہم ہارون الرشید نے ان تمام افواہوں کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ احمد شہزاد کو ان کے رویے یا قواعد کی خلاف ورزی پر ٹیم سے باہر نہیں رکھا گیا یہ خبریں صرف میڈیا نے پھیلائی ہیں۔انہوںنے کہاکہ احمد شہزاد کو اس وقت ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا جب وہ اس کے اہل ہوں گے۔احمد شہزاد نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز 2009 میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کیا تھا اور اب تک 72 میچوں میں 34.81 کی اوسط سے 2ہزار 472 رنز بنا چکے ہیں جس میں 6 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں۔2015 میں انھوں نے اب تک 16 ایک روزہ میچوں میں اسی اوسط سے چار نصف سنچریوں کی مدد سے 557 رنز بنائے ہیں۔ایک سوال پرکیا احمد شہزاد کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں موقع دیا جائیگا ہارون الرشید نے کہاکہ ہمارا کام 15 رکنی ٹیم کا انتخاب ہے، یہ ٹیم انتظامیہ کا کام ہے کہ احمد شہزاد کو حتمی ٹیم میں شامل کرے ہیں یانہیں۔عمر اکمل کے حوالے سے ہارون الرشید نے کہا کہ ان کا کیس پی سی بی چیئرمین کے پاس تھا اور اس پر ابھی فیصلہ آنا باقی ہے۔