شارجہ(نیوز ڈیسک)انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے قبل پاکستانی اسپنر یاسر انجری کا شکار ہوگئے ہیں جس کے باعث ان کی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ منگل کو شارجہ میں کھیلاجائے گا، چار میچوں کی سیریز کی ایک، ایک سے برابر ہے۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یاسر شاہ کی میچ میں شمولیت طبی معائنے سے مشروط ہے۔انہوں نے بتایا کہ گھٹنے میں تکلیف کے باعث یاسر شاہ نے ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یاسر شاہ کی فٹنس کا مشاہدہ کیا جائے گا۔خیال رہے کہ ٹیسٹ سیریز میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے یاسر کو انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا اہم ہتھیار مانا جاتا ہے۔یاسر نے پہلے ون ڈے میں 38 رنز کے عوض ایک مقررہ دس اوورز میں ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔تاہم دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ان کے خلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا جس کے دوران یاسر کے نو اوورز میں انگلینڈ 70 رنز بنانے میں کامیاب رہا جبکہ لیگ اسپنر کو وکٹ بھی نہ مل سکی۔اس سے قبل یاسر فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔یاسر کی عدم موجودگی کے باعث پاکستانی باؤلنگ لائن اپ اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی اور میچ ڈرامئی انداز میں ڈرا ہوگیا.دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں یاسر نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے دونوں فتوحات میں گرین شرٹس کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا.