لاہور/نارووال /مریدکے(این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف مقامات پر طوفان اور آندھی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ،
کئی مقامات پر درخت اور ہورڈنگز بورڈ گر گئے ،آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق ،دیوار ، سولر گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے ،طوفان ،آندھی اور بارش سے کئی علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا اور گھنٹوں بجلی بند رہی ،نارووال میں خراب مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ۔بتایا گیا ہے کہ نارووال اور گردونواح میں تیز آندھی اوربارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں 13 سالہ حنظلہ ولد سلمان گاں مان ظفروال روڈ اور 17 سالہ محمد شہزیب ولد محمد آصف مان جٹاں سنکھترا روڈ جاں بحق ہو گئے۔ دونوں واقعات میں ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ضروری امدادی کارروائیاں انجام دیں۔اسی دوران گاں خانووال گمٹالہ روڈ شکرگڑھ میں ایک 55 سالہ شخص محمد شاہد ولد شریف احمد جانوروں کو چارہ ڈال رہا تھا کہ بارش اور تیز آندھی کے باعث دیوار اس پر آ گری۔
ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمی کو مزید علاج کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال شکرگڑھ منتقل کر دیا۔کرتار پور کے پاس سولر پلیٹ گرنے سے دو افراد وقاص عمر 32 سال اور مجاہد عمر 25 سال زخمی ہو گئے جنہیںریسکیو نے ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ۔ لاہور میں بھی طوفان اور آندھی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور کئی مقامات ہورڈنگز اور درخت گر گئے ۔ دیگر علاقوں میں بھی طو فان اور آندھی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ۔ کئی مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا جس کی وجہ سے گھنٹوں بجلی بند رہی ۔



















































