اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جون سے 12 جون تک ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 8 سے 11 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ شدید گرمی کی لپیٹ میں رہ سکتے ہیں۔ اسی طرح لاہور، قصور، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں بھی درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع لیہ، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان، مظفرگڑھ اور راجن پور بھی شدید گرمی سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ عرصے کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پارہ 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور کھلے آسمان تلے کام کرنے والے افراد کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔



















































