اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سندھ حکومت نے عوام کو کتے کے کاٹنے کے واقعات کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے آگاہی مہم جاری کی ہے۔
حکومتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ کتے کے کاٹنے کو معمولی واقعہ سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے، کیونکہ اس کے نتیجے میں ریبیز جیسی خطرناک اور جان لیوا بیماری لاحق ہو سکتی ہے۔حکام کے مطابق اگر کسی فرد کو کتا کاٹ لے تو گھبرانے کے بجائے فوری طور پر متاثرہ جگہ کو کم از کم 20 منٹ تک صاف پانی اور عام صابن سے اچھی طرح دھونا چاہیے۔ ابتدائی صفائی کے بعد متاثرہ شخص کو بغیر تاخیر قریبی اسپتال یا اینٹی ریبیز سینٹر سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ضروری ویکسین لگوائی جا سکے۔سندھ حکومت نے بتایا کہ عوام کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبے بھر میں 278 اینٹی ریبیز یونٹس قائم کیے گئے ہیں، جن میں 112 خصوصی ریفرل مراکز بھی شامل ہیں جہاں پیچیدہ اور سنگین نوعیت کے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہری اپنے قریب ترین اینٹی ریبیز مرکز یا ریفرل سینٹر کی معلومات حاصل کرنے کے لیے ریسکیو 1122 سے رابطہ کر سکتے ہیں یا آن لائن دستیاب متعلقہ ویب سائٹ سے بھی رہنمائی لے سکتے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ زخم کو فوری طور پر دھونا، بروقت طبی مدد حاصل کرنا اور ویکسین لگوانا ریبیز سے بچاؤ اور انسانی جان کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری اقدامات ہیں۔



















































