اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں جاری شدید گرمی کے پیش نظر ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے
خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک روز تک صوبے کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بلند رہنے کا امکان ہے۔ تاہم یکم جون سے بعض اضلاع میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے جس سے موسم میں بہتری آسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔ بالخصوص اندرونِ سندھ کے کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جہاں درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔سکھر، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ اور دادو میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ قمبر شہدادکوٹ، خیرپور، گھوٹکی اور موہنجودڑو کے علاقوں میں بھی شدید گرمی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح تھرپارکر، میرپورخاص، حیدرآباد اور بدین میں بھی درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے یکم جون سے موسم میں تبدیلی کی نوید سناتے ہوئے بتایا ہے کہ قمبر شہدادکوٹ، دادو، میرپورخاص اور تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی یا درمیانی بارش متوقع ہے۔
بارش کے باعث گرمی کی شدت میں واضح کمی آنے کی امید ہے۔ماہرین کے مطابق شدید درجہ حرارت کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے بجلی کے نظام پر اضافی دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے، خصوصاً کراچی سمیت بڑے شہروں میں بجلی کی کھپت بڑھ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں، پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور خواتین کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہا جا سکے۔کاشتکاروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر اپنی فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔محکمہ موسمیات نے صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ گرمی کی شدت اور ممکنہ طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔



















































