اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب میں ممکنہ پانی کے اضافے کے پیش نظر فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے
متعلقہ اضلاع اور اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
محکمہ آبپاشی کی جانب سے موصول ہونے والے مراسلے کے بعد الرٹ جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ سلال ڈیم کے سپل وے گیٹس 21 مئی صبح 9 بجے سے 30 مئی تک کھولے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس عمل کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 سے 3 میٹر تک بلند ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق مرالہ بیراج پر اچانک پانی کے دباؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے تمام متعلقہ اضلاع کو ہدایت دی ہے کہ کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رکھے جائیں جبکہ ریسکیو 1122 سمیت امدادی ادارے مکمل تیاری کی حالت میں رہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت تمام محکمے الرٹ رہیں اور شہری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دریاؤں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حفاظتی بندوں کے معائنے، بھاری مشینری کی دستیابی اور اضافی عملے کی تعیناتی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
دوسری جانب بھارت کی جانب سے بھی دریائے چناب سے متعلق سیلابی صورتحال کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں دریا کے اطراف رہنے والے افراد کو محتاط رہنے اور الرٹ رہنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔



















































