اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے ایک نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے،
جس کے تحت صارفین اپنے ماہانہ بل پر دی جانے والی سبسڈی کی مکمل تفصیلات کیو آر کوڈ کے ذریعے معلوم کر سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کے بلوں میں شفافیت بڑھانے اور سبسڈی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے نیا طریقہ کار تیار کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت صارفین کے بلوں پر دی جانے والی حکومتی رعایت کی رقم واضح طور پر درج کی جائے گی۔ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بلوں پر کیو آر کوڈ شامل کرنا شروع کر دیے ہیں۔ صارفین اس کوڈ کو اسکین کرکے آن لائن پورٹل تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جہاں رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد سبسڈی سے متعلق معلومات دستیاب ہوں گی۔حکام کے مطابق اس نظام کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کی درست تصدیق کرنا ہے تاکہ حکومتی سبسڈی صرف کم آمدنی رکھنے والے اور محدود بجلی استعمال کرنے والے صارفین تک پہنچ سکے۔وزارتِ توانائی نے وضاحت کی ہے کہ اس نئے عمل سے سبسڈی ختم نہیں کی جا رہی بلکہ یہ اقدام شفافیت اور تصدیق کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ سرکاری فنڈز کے غلط استعمال اور ممکنہ بے ضابطگیوں کو روکا جا سکے۔
پاور ڈویژن نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ مستقبل میں سبسڈی کے حصول میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کسی بھی تکنیکی مسئلے یا بل سے متعلق شکایت کی صورت میں متعلقہ بجلی کمپنی کی ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔



















































