مریدکے( این این آئی)گھریلو ناچاقی پر سسر نے چھریوں کے وار کر کے بہو کو قتل کر دیا ۔
بتایا گیا ہے کہ مریدکے تھانہ سٹی مریدکے کے علاقے محلہ احمد پورہ میں گھریلو جھگڑے نے ہولناک رخ اختیار کر لیا، جہاں سسر نے مبینہ طور پر اپنی 23سالہ بہو کو چھریوں کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق محلہ احمد پورہ کی رہائشی 23سالہ اقصیٰ بی بی زوجہ احسن (قوم رحمانی)کا اپنے سسر محمد رفیق ولد تاجدین کے ساتھ گھریلو ناچاقی پر جھگڑا ہوا۔ تلخ کلامی بڑھنے پر ملزم محمد رفیق نے طیش میں آکر اقصیٰ پر چھریوں سے پے در پے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔مقتولہ کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق مقتولہ کے جسم پر لگنے والے زخم گہرے تھے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی مریدکے کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم رفیق کو گرفتار کر لیا ہے اور آلہ قتل بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تفتیش جاری ہے اور قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



















































