اسلام آباد (نیوز ڈیسک)روات کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے
جہاں ایک مسافر وین میں 19 سالہ شادی شدہ خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کپڑے خریدنے کے لیے چک بیلی موڑ سے روات بازار جا رہی تھی کہ اس دوران وہ ایک ویگن میں سوار ہوئی۔ الزام ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی کا رخ بدل کر اسے واپس چک بیلی کی طرف لے جانا شروع کر دیا۔ خاتون کے شور مچانے پر کنڈکٹر نے اسے قابو کر لیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ راستے میں ایک اور شخص کو ویگن میں سوار کیا گیا، جس کے بعد ملزمان گاڑی کو بگاشیخاں کے علاقے کی طرف لے گئے اور خاتون کو زبردستی ایک مکان کے قریب لے جانے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر اس کا منہ دبا دیا گیا اور بعد ازاں گاڑی میں ہی اس کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی گئی۔
شکایت کے مطابق ملزمان نے اس دوران ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں اور بعد میں دھمکیاں دیں کہ اگر کسی کو بتایا گیا تو یہ مواد سوشل میڈیا پر پھیلا دیا جائے گا۔ خاتون کو شام کے وقت واپس چک بیلی موڑ کے قریب اتار دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ رمضان سے پہلے پیش آیا تھا، تاہم مقامی سطح پر جرگے کے باعث رپورٹ درج کروانے میں تاخیر ہوئی۔ اب متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرایا جا رہا ہے اور شواہد کی بنیاد پر مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔



















































