اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سیالکوٹ: شہر میں ایک شادی کی تقریب نے اس وقت غیر معمولی توجہ حاصل کر لی جب بیرونِ ملک سے آئے بھائیوں نے اپنے عزیز کی شادی کو یادگار بنانے کے لیے کرنسی کی بارش کر دی۔
اطلاعات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے مراکیوال سے تعلق رکھنے والے دلہا قمر عباس کی بارات جب میرج ہال پہنچی تو آسٹریلیا سے آئے ان کے بھائیوں نے استقبال کے دوران آسٹریلوی ڈالرز اور پاکستانی نوٹ نچھاور کرنا شروع کر دیے، جس سے ہر طرف کرنسی ہی کرنسی دکھائی دینے لگی۔عینی شاہدین کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے تک نوٹ فضا میں بکھرتے رہے، جس نے وہاں موجود مہمانوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ جیسے ہی یہ سلسلہ شروع ہوا، ہال کے باہر لوگوں کا رش بڑھ گیا اور مقامی افراد سمیت راہگیر بھی بڑی تعداد میں نوٹ سمیٹتے نظر آئے، یوں ماحول کسی میلے کا منظر پیش کرنے لگا۔اس منفرد بارات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہیں، جہاں صارفین اس پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے شادیوں پر غیر ملکی کرنسی لٹانے کا رجحان آہستہ آہستہ بڑھتا جا رہا ہے، جو اب ایک نئی روایت کی شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔



















































