اسلام آباد (نیوز ڈیسک) رمضان میں راشن فراہم کرنے کا لالچ دے کر ایک نوجوان لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی دولت پور سے راشن لینے آئی تھی، جہاں دو افراد نے اسے ایک ورکشاپ میں زبردستی روک لیا اور اسلحہ دکھا کر مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی۔ واقعے کے بعد سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ادھر 15 فروری کو لاہور میں بھی ایک خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔ تھانہ کاہنہ پولیس نے نجی کیٹرنگ کمپنی سے وابستہ حاملہ خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو جوہر ٹاؤن سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون ایک کیٹرنگ کمپنی میں ویٹر کے طور پر کام کرتی تھی۔ مرکزی ملزم، جو کمپنی کا مالک بتایا جاتا ہے، نے خاتون کو کسی کام کے بہانے ڈیفنس روڈ پر واقع مکان میں بلایا، جہاں مبینہ طور پر اپنے ساتھی کے ہمراہ اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا اور ان کے خلاف تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ ظلم کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔



















































