اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی ڈویژن بینچ نے 9 سالہ بچی سے زیادتی کے مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے اس ملزم کو عمر قید کی سزا دے دی
جسے اس سے قبل دو مرتبہ بری کیا جا چکا تھا۔ عدالتی حکم کے فوراً بعد مجرم کو کمرۂ عدالت میں ہی ہتھکڑیاں لگا دی گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کیس میں پہلے لاہور ہائی کورٹ نے متاثرہ بچی کی بیوہ والدہ کی درخواست پر سیشن عدالت کی جانب سے دی گئی بریت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمے کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا تھا۔ تاہم دوبارہ ٹرائل کے دوران سیشن کورٹ نے ایک بار پھر ملزم کو بری کر دیا۔اس صورتحال پر متاثرہ بچی کی والدہ نے دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جس پر عدالتِ عالیہ نے بریت کے فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے خود سزا سنانے کا اختیار استعمال کیا۔ عدالت نے اپیل منظور کرتے ہوئے ملزم اعظم خان کو عمر قید کے ساتھ چار لاکھ روپے ہرجانے کی سزا بھی سنائی۔
فیصلہ سناتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مجرم کو تحویل میں لے لیا اور اسے عدالت ہی میں گرفتار کر لیا گیا۔















































