اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر گمراہ کن بیانات دینے کے مقدمے میں پیش نہ ہونے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کیس کی سماعت سینیئر سول جج عباس شاہ نے کی، جہاں عدم حاضری کے باعث عدالت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے وارنٹ جاری کیے۔ عدالت نے آئندہ سماعت 10 فروری تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔















































