اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ آج متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اہم معاملے پر حتمی اعلان آج کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی آج وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد پاکستان کے مؤقف کو حتمی شکل دیں گے۔ اس ملاقات میں ٹورنامنٹ میں شرکت یا عدم شرکت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مکمل طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبرداری کے علاوہ صرف بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کی حمایت کی تھی جس میں اس نے بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کا مؤقف اصولی بنیادوں پر قائم ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے دوہرے معیار کو قبول نہیں کرتا۔















































