اسلام آباد(نیوزڈیسک) مفت لیپ ٹاپ کے حصول کے خواہشمند طلبہ کے لیے خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مفت لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت طلبہ اب آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کی سرکاری جامعات، منتخب نجی یونیورسٹیوں، پبلک میڈیکل، ڈینٹل اور نرسنگ کالجز کے طلبہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ اقدام نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اسکیم کے پہلے ہی روز 4 ہزار 110 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
لیپ ٹاپ کی نمایاں خصوصیات
اسکیم کے تحت فراہم کیے جانے والے لیپ ٹاپ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے، جن میں 13ویں جنریشن کا Intel Core i7 پروسیسر شامل ہے۔ اس کے علاوہ تیز رفتار کارکردگی کے لیے SSD اسٹوریج اور ملٹی ٹاسکنگ کے لیے ہائی اسپیڈ ریم دی جائے گی۔
اہلیت کی شرائط
درخواست دینے والے طلبہ کے لیے پنجاب کے کسی بھی ضلع کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔ بی ایس پروگرام کے پہلے یا دوسرے سمسٹر میں زیرِ تعلیم طلبہ، چاہے وہ پبلک یونیورسٹی، کالج یا منتخب نجی اداروں سے وابستہ ہوں، اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گے۔
تعلیمی معیار
سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ کے لیے کم از کم 65 فیصد انٹرمیڈیٹ نمبر ہونا ضروری ہے۔
پبلک میڈیکل اور ڈینٹل جامعات کے طلبہ کے لیے کم از کم 80 فیصد نمبر شرط ہیں۔
ڈی وی ایم کے طلبہ کے لیے 75 فیصد جبکہ نرسنگ کے طلبہ کے لیے کم از کم 65 فیصد انٹرمیڈیٹ مارکس درکار ہوں گے۔
درخواست جمع کرانے کا طریقہ
طلبہ وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کی سرکاری ویب سائٹ
cmlaptophed.punjab.gov.pk
پر جا کر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
آخری تاریخ
اس پروگرام کے تحت درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔















































