اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) اگرچہ ایپل کی آئی فون 18 سیریز کی لانچنگ میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں، تاہم اس کے پرو ماڈل کے ممکنہ ڈیزائن کی ابتدائی جھلک سامنے آ گئی ہے۔ ایک لیک ہونے والی ویڈیو میں آئی فون 18 پرو کی مبینہ شکل و صورت دکھائی گئی ہے، جس نے ٹیکنالوجی کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔یہ ویڈیو معروف لیکر جون پروسر نے شیئر کی ہے، جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ماضی میں آئی او ایس 26 سے متعلق معلومات سامنے لانے پر ایپل نے ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 پرو کا یہ ڈیزائن ایپل کی سپلائی چین سے حاصل ہونے والی اندرونی معلومات اور دیگر ذرائع پر مبنی ہو سکتا ہے۔ڈیزائن کے حوالے سے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق نیا آئی فون مجموعی طور پر آئی فون 17 پرو سے زیادہ مختلف نہیں دکھائی دیتا۔
یہی صورتحال آئی فون 18 پرو میکس کی بھی متوقع ہے، جو ڈیزائن کے لحاظ سے پرو ماڈل جیسا ہوگا، البتہ اس کا اسکرین سائز قدرے بڑا ہو گا۔لیک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل اس بار رنگوں میں تبدیلی لا رہا ہے اور آئی فون 18 پرو تین نئے رنگوں میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک نمایاں تبدیلی فرنٹ کیمرے اور ڈائنامک آئی لینڈ سے متعلق بتائی جا رہی ہے، جس کے تحت سیلفی کیمرا اسکرین کے اوپری بائیں کونے میں منتقل کیا جا سکتا ہے، جبکہ فیس آئی ڈی ٹیکنالوجی کو اسکرین کے اندر ضم کیے جانے کا امکان ہے۔مزید یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 پرو میں ویری ایبل اپرچر کیمرا سسٹم متعارف کرایا جا سکتا ہے، جس کا مقصد مختلف روشنی کے حالات میں بہتر تصاویر اور ویڈیوز کی تیاری ہے۔رپورٹس کے مطابق ایپل ستمبر میں آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ ساتھ اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرا سکتا ہے، جبکہ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے آغاز میں پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔














































