اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے نام اور آواز کا غلط استعمال کرتے ہوئے کسی نے مالی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر نے بتایا کہ ایک شخص نے ان کی مشابہ آواز تیار کرکے کسی اور فرد سے رقم طلب کی۔ بعد ازاں متعلقہ شخص نے خود ایاز صادق سے رابطہ کیا، جس پر اسپیکر نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی قسم کی رقم کا مطالبہ نہیں کیا۔اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا کہ انہیں اب تک 19 چالان موصول ہو چکے ہیں اور ایک چالان گزشتہ روز بھی آیا ہے۔
اس پر ایم این اے عالیہ کامران نے سوال اٹھایا کہ یہ رقوم آخر کن بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہو رہی ہیں اور اب تک کتنے اکاؤنٹس کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔اس کے جواب میں طلال چودھری نے بتایا کہ اس وقت “رینٹ اے اکاؤنٹ” کے ذریعے یہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور حکام اس میں ملوث تمام افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بعد ازاں اختیار بیگ نے آگاہ کیا کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔















































