اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک)بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ایک جعلی ڈاکٹر کی غلط سرجری کے باعث خاتون کی جان چلی گئی۔اطلاعات کے مطابق اناڑی اور شراب کے زیرِ اثر شخص نے یوٹیوب پر ویڈیو دیکھ کر آپریشن کرنے کی کوشش کی اور دورانِ عمل مریضہ کے پیٹ، آنتوں اور غذائی نالی کی متعدد نازک رگیں کاٹ ڈالیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی خاتون کا نام منیشرا راوت تھا۔
خاتون کے شوہر نے پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث اسے ایک غیر منظور شدہ کلینک میں لے جایا، جہاں موجود گیان پرکاش مشرا اور وویک مشرا نے ابتدائی طور پر اسے گردے کی پتھری کی تکلیف قرار دیا اور 25 ہزار روپے میں آپریشن کی تجویز پیش کی، تاہم بعد میں یہ رقم 20 ہزار روپے میں فائنل ہوئی۔اگلے روز گیان پرکاش نے یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر خود ہی سرجری کا آغاز کر دیا۔ نشے کی حالت میں کیے گئے اس “آپریشن” نے مریضہ کی حالت انتہائی خراب کر دی، کیونکہ پتھری نکالنے کے بجائے اس نے پیٹ میں گہرے زخم لگا دیے اور آنتوں و اہم رگوں کو شدید نقصان پہنچا دیا۔ خاتون اگلے دن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔خاتون کے شوہر کی درخواست پر پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی اور دونوں ملزمان کے خلاف قتل سمیت ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔















































