اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو جگہ فراہم کرنے یا انہیں ملازمت دینے والوں کے خلاف سخت سزائیں اور بھاری جرمانے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی شخص اگر غیر قانونی تارکین وطن کو رہائش، روزگار یا کسی بھی قسم کی معاونت فراہم کرتا ہے تو اس کے خلاف فوری قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں غیر قانونی افراد کی موجودگی نہ صرف سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے بلکہ یہ عناصر مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہو سکتے ہیں، اس لیے معاشرتی استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر سخت قوانین کا نفاذ ناگزیر ہے۔
متحدہ عرب امارات کے 2021 کے امیگریشن قوانین کے مطابق ایسے افراد کو ایک لاکھ درہم سے لے کر پانچ ملین درہم تک جرمانہ اور کم از کم دو ماہ کی قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
مزید یہ کہ وزٹ یا ٹورسٹ ویزے پر آنے والوں کا امارات میں ملازمت کرنا بھی ایک بڑا قانونی جرم قرار دیا جاتا ہے، جس پر 10 ہزار درہم تک جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔ اسی طرح جعلی رہائشی دستاویزات کا استعمال کرنے والوں کو دس سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔















































