ابوظبی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے نومبر 2025 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کے نرخوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اکتوبر کے مقابلے میں نومبر کے مہینے میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمتوں میں 10 سے 11 روپے تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باعث ممکن ہوئی ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق سپر پیٹرول اکتوبر میں 2.77 درہم (تقریباً 212 روپے) فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا، جسے اب کم کر کے 2.63 درہم (تقریباً 201 روپے) فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح اسپیشل پیٹرول کی قیمت 2.66 درہم (تقریباً 203 روپے) فی لیٹر سے کم ہو کر 2.51 درہم (تقریباً 192 روپے) فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
جبکہ ای پلس پیٹرول اکتوبر میں 2.58 درہم (197 روپے) فی لیٹر تھا، جو نومبر میں کم ہو کر 2.44 درہم (187 روپے) فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔
اماراتی حکومت کے مطابق یہ نئی قیمتیں آج سے نافذ العمل ہیں۔ وزارتِ توانائی کے تحت قائم فیول پرائس مانیٹرنگ کمیٹی ہر ماہ عالمی منڈی میں تیل کی اوسط قیمتوں اور تقسیم کار کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے نرخ طے کرتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے تازہ ترین پندرہ روزہ جائزے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 43 پیسے اور ڈیزل میں 3 روپے 2 پیسے کا اضافہ کر دیا ہے۔
اضافے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 45 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔















































