اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف صحافی شیراز احمد شیرازی نے انکشاف کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جبکہ عمران خان نے اس حوالے سے اپنا فیصلہ تبدیل کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں شیراز احمد شیرازی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی برطرفی رکوانے کے لیے مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق، ملاقات کے دوران مزمل اسلم نے عمران خان کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ اگر گنڈاپور کو ہٹایا گیا تو اس سے پارٹی کے نظم و نسق اور حکومتی امور کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈاپور عمران خان کی رہائی کے لیے سرگرم کوششیں کر رہے ہیں، اس لیے ان کی تبدیلی مناسب نہیں ہوگی۔
تاہم، صحافی کے مطابق، عمران خان نے مزمل اسلم کو واضح اور دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کا فیصلہ حتمی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔