پیر‬‮ ، 06 اکتوبر‬‮ 2025 

سعودی پاکستان معاہدہ

datetime 7  اکتوبر‬‮  2025
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسرائیل نے 9 ستمبر 2025ء کو دوحہ پر حملہ کر دیا‘ یہ 1981ء میں بغداد کے ایٹمی ریکٹر جیسا حملہ تھا‘ اچانک کیا گیا اور کسی کو کانوں کان خبر نہیں ہوئی‘ دوحہ میں حماس کی لیڈر شپ کی رہائش گاہیں اسرائیل کا ٹارگٹ تھیں‘ اسرائیل کے اس آپریشن کے بارے میں دو معلومات ہیں‘ وال سٹریٹ جنرل نے 10ستمبر کو نقشے کے ذریعے ثابت کیا اسرائیل نے ریڈسی سے میزائل داغے اور یہ انتہائی بلندی سے سعودی عرب کے اوپر سے گزر کر دوحہ میں گرے‘ دوسرا ورژن ترکی کا ہے اور یہ زیادہ مضبوط ہے‘ ترک انٹیلی جنس کے مطابق اسرائیلی ائیرفورس ایف 15 طیاروں کے ذریعے شام کے راستے عراق اور وہاں سے قطر میں داخل ہوئی اور براہ راست ہدف کو نشانہ بنایا‘ ایف 15 سٹیلتھ طیارے ہیں جنہیں ریڈار ٹریس نہیں کر سکتے لیکن ترک انٹیلی جنس کو یہ نظر بھی آئے اور انہوں نے حماس کی لیڈر شپ کو بروقت اطلاع بھی دے دی جس کے بعد اسرائیل کا ہدف حماس کے پانچ سینئر رہنماخالد مشعل‘ خلیل الحیہ‘ زاہرجبارین‘ محمد درویش اور ابومرزوق وہاں سے نکل گئے تاہم خلیل الحیہ کا بیٹا ہمام خلیل الحیہ اور حماس دفتر کے منیجرجہاد لبدشہید ہو گئے‘

قطر میں سینٹ کام کے سب سے بڑے بیس العبید میں دس ہزار امریکی فوجی ہیں اور ان کا سربراہ فور سٹار جنرل ہوتا ہے‘ بیس پر دنیا کے جدید ترین سسٹم لگے ہیں‘ قطر کی سیکورٹی امریکا کے پاس ہے اور قطر ہر سال امریکا کو اس کے بدلے کئی بلین ڈالر ادا کرتا ہے‘ قطری حکومت نے امریکا کی ہدایت پر دوحہ میں حماس سے دفتر بنوایا تھا اور یہ امریکا کی خواہش پر حماس لیڈرشپ سے مذاکرات کر رہی تھی لیکن پھر اسرائیل نے اچانک حماس کے آفیشل دفتر پر حملہ کر دیا جس کے بعد بے شمار سوال پیدا ہو گئے مثلاً پہلا سوال یہ تھا کیا امریکا کو اس حملے کا علم تھا؟ وائیٹ ہائوس کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو اس وقت بتایا جب جہاز روانہ ہو چکے تھے اور ٹرمپ کے پاس صرف دس منٹ تھے اور یہ اس محدود وقت میں کچھ نہیں کر سکے‘ دوسرا سوال‘کیا اسرائیل نے دوحہ میں امریکا کے تمام آلات جام کر دیے تھے؟ اگر نہیں تو پھر امریکا کو اس حملے کا علم تھا اور اس سے یہ ثابت ہوتا ہے امریکا عربوں کا اتحادی ہونے کے باوجود عربوں کی حفاظت نہیںکرنا چاہتا اوراسے جب بھی عرب اور اسرائیل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو اس کا ووٹ اسرائیل کے حق میں ہو گا اور عرب بلاوجہ اپنا سرمایہ ضائع کر رہے ہیں اوراس کے برعکس اگر امریکا کو علم نہیں تھا تو اس کا مطلب ہے اسرائیل کی نظر میں امریکا کی کوئی اہمیت نہیں اور یہ امریکا کے کسی بھی دوست کو کسی بھی وقت ٹارگٹ بنا سکتا ہے اور امریکا اس کا کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا‘

یہ صورت حال پہلی سے کہیں زیادہ خطرناک اور الارمنگ ہے اور اگربالفرض محال اسرائیل نے امریکا کی ٹیکنالوجی بھی جام کر دی تھی اور امریکی سیٹلائیٹ اور ریڈار اپنے ہی بنائے ہوئے ایف 15 طیاروں کو فضا میں ٹریس نہیں کر سکے تو پھر یہ امریکا سمیت پوری دنیا کے لیے تشویش ناک ہے پھر اسرائیل ٹیکنالوجی میں امریکا کا باپ ہے اور اب اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ یہاں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے اگر اسرائیل نے سعودی عرب کے اوپر سے قطر پر حملہ کیا اور اسے بھی امریکی آلات ٹریس نہیں کر سکے تو پھر کوئی عرب ملک اسرائیل سے محفوظ نہیں حتیٰ کہ امریکا بھی ان کی حفاظت نہیں کر سکتا یہاں یہ بات بھی بہت اہم ہے امریکا کو آج عربوں کی ضرورت نہیں رہی ‘ امریکا 2000ء تک تیل کا دنیا کا سب سے بڑا خریدار تھا لیکن پھر شیل ٹیکنالوجی آئی اور امریکا دنیا میں تیل کا سب سے بڑا ذخیرہ بن گیا‘ یہ اب خود ایکسپورٹر ہے چناں چہ اب یہ عربوں کا محتاج نہیں رہااور یہ گلف میں صرف روس اور چین کی وجہ سے بیٹھا ہے‘ یہ سمجھتا ہے اگر میں یہاں سے نکل گیا تو روس اور چین تیل کے اس دہانے پر آ بیٹھیں گے جس سے امریکا کو نقصان ہو گا لہٰذا یہ گلف کی ریت نہیں چھوڑ رہا۔

عرب تین وجوہات سے امریکا کے محتاج ہیں‘ پہلی مجبوری باشاہت ہے‘ عرب میں امریکا کی وجہ سے بادشاہت قائم ہے جس دن امریکا ہٹ گیا اس دن تخت ہلنے لگیں گے‘ دوسرا شاہی خاندانوں کی ساری دولت مغربی ملکوں میں پارک ہے‘ لندن کی آکسفورڈ سٹریٹ‘ شانزے لیزے اور مین ہیٹن کی زیادہ تر کمرشل بلڈنگز شاہی خاندانوں کی ملکیت ہیں‘ یہ جانتے ہیں جس دن امریکا ناراض ہو گیا اس دن یہ جائیدادیں ضبط ہو جائیں گی اور یہ فٹ پاتھ پر آ جائیں گے اور تیسری وجہ امریکا کے جنگی آلات ہیں‘ عربوں کے پاس جنگی طیاروں سے لے کر رائفلوں تک امریکا اور یورپ کے آلات ہیں لیکن ان کے پاس انہیں چلانے کی اہلیت اور فورس دونوں نہیں‘ کھربوں ڈالر کے آلات ان کے بیسز میں موجود ہیں مگر چلانے والے نہیں ہیں لہٰذا یہ امریکا کو بھاری معاوضہ دے کر ماہرین منگواتے ہیں‘ امریکی ریت میں جاناپسند نہیں کرتے چناں چہ یہ کانٹریکٹ لے کر اسے ’’سب لیٹ‘‘ کر دیتے ہیں جس کے بعد عرب چھائونیوں میں مشرقی یورپ کے یہودی اور اسرائیلی آ کر بیٹھ جاتے ہیں اور پھر اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے اسرائیلی طیارے عراق یا سعودی عرب کے اوپر سے گزتے ہیں تو کسی کو کانوں کان خبر نہیں ہوتی‘ عربوں کے آلات بند ہو جاتے ہیں اور یہ حملہ آور کو ٹریس نہیں کر سکتے‘ عرب بھی اس حقیقت سے واقف ہیں‘ یہ جانتے ہیں ہم اگر امریکا کو ناراض کردیتے ہیں تو پھر ہمارے کھربوں ڈالر کے آلات بے کار ہو جائیں گے۔

آپ اب اس سیناریو کو ذہن میں رکھ کر صورت حال دیکھیں‘ عربوں نے امریکا کی دوستی کے لیے کھربوں ڈالر ضائع کر دیے لیکن امریکا جون 1981ء میں اسرائیل سے عراق کا ایٹمی ریکٹر نہیں بچا سکا اور یہ ریکٹر بھی امریکا کے اتحادی فرانس نے لگایا تھا اور حملے کے دن بھی وہاں سینکڑوں فرنچ شہری کام کر رہے تھے‘یہ تاریخ 9 ستمبر2025ء کو دوسری بار دہرائی گئی‘ قطرکے العبیدائیربیس پر موجود دس ہزار امریکی فوجی اور 100 ارب ڈالر کی ٹیکنالوجی دوحہ کو حملے سے نہیں بچا سکی‘ اسرائیل نے اکتوبر 2023ء میں غزہ پر حملہ شروع کیا‘ عرب دو برس سے امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کر رہے ہیں‘ غزہ میں 70 ہزار لوگ مر گئے‘ پورا خطہ مٹی کا ڈھیر بن گیا لیکن امریکا جنگ نہیں رکوا سکا‘ یہ صورت حال بھی اگر یہاں تک رہتی تو شاید قابل فہم تھی جب کہ اسرائیل نے اپریل میں بھارت کو پاکستان پر حملے پر بھی رضا مند کر لیا‘ یہ اب ثابت ہو رہا ہے پہلگام کا واقعہ موساد یا را کا منصوبہ تھا اور اس کا مقصد پاکستان پر حملہ تھا‘ افغانستان اور ایران میں را اور موساد مدت سے سرگرم عمل ہیں‘ جون میں ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد ثابت ہو گیا‘ اسرائیلی اور بھارتی ایجنٹوں نے پہلے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے ذریعے پاکستان پر مغربی سائیڈ سے دبائو بڑھایاپھر سوشل میڈیا کے ذریعے پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیاپھر پی ٹی آئی کو فوج کے سامنے کھڑا کیا اور پھر پہلگام کا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر حملہ کر دیا‘ اس حملے میں پہلی مرتبہ اسرائیل نے کھل کر بھارت کا ساتھ دیااور اسے ہاروپ ڈرونز‘ ماہرین اور سیٹلائیٹ کی مدد دی لیکن اللہ کا خاص فضل تھا پاکستان نہ صرف بچ گیا بلکہ دنیا میں اس کی عزت میں بھی اضافہ ہوا‘ اسرائیل نے اس کے بعد 13 جون کو ایران پر حملہ کر دیالیکن ایران نے 8جرنیلوں‘ 17سائنس دانوں اورنطنزنیوکلیئر سائیٹ کی قربانی کے باوجود اسرائیل کی مت مار کر رکھ دی‘ اسرائیل پر پہلی مرتبہ میزائلوں کی بارش ہوئی اور نیتن یاہو کو جارحیت کا مزہ چکھنا پڑگیا اگر اس وقت امریکا اس کا ساتھ نہ دیتا تو ایران اب تک تل ابیب کو غزہ بنا چکا ہوتا‘ یہ اسرائیل کی دوسری ہزیمت تھی لہٰذا اسرائیل خفت مٹانے کے لیے دوحہ پر حملے پر مجبور ہو گیا اور اس حملے نے عربوں کی آنکھیں کھول دیں۔

عربوں کے پاس اس کے بعد تین آپشن تھے‘ یہ ترکی کے ساتھ مل جاتے‘ ترکی فوجی لحاظ سے مضبوط ملک ہے لیکن یہ مہنگا بھی ہے اور عرب 1919ء تک اس کی کالونی بھی رہے ہیں‘ عرب 500 سال عثمانی سلطنت کے باج گزار رہے تھے اور انہوں نے لڑ کر ترکی سے آزادی حاصل کی لہٰذا سعودی عرب ترکی کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتا تھا‘ ایران کی فوج اور میزائل سسٹم تگڑابھی ہے لیکن یہ جدید ٹیکنالوجی میں بھی مار کھاتا ہے‘ دوسرا سعودی عرب اور ایران میں نظریاتی اختلاف بھی ہے‘ عرب رسول اللہ ﷺ کے وصال کے بعد 632ء سے ایران کے مخالف ہیں چناں چہ یہ اسے اپنی سیکورٹی نہیں دے سکتے‘ پیچھے رہ گیا پاکستان تو یہ سعودی عرب کو سوٹ کرتا ہے‘ کیوں؟ چار وجوہات ہیں‘ یہ دنیا کی واحد اسلامی نیوکلیئر پاور ہے‘ دوم فوج بے انتہا تگڑی‘ پروفیشل‘ نڈر اور مستقل ہے‘ کسی بھی دور میں سیاست دان اس پر اثر انداز نہیں ہو سکے حتیٰ کہ ذوالفقار علی بھٹو جیسا عالمی لیڈر بھی فوج کو قابو نہیں کر سکا‘ سوم ہم سعودی عرب کو سستے پڑتے ہیں‘ سعودی عرب کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہم یہ خدمت مفت بھی کرنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں اور آخری وجہ اسرائیل صرف پاکستان سے ڈرتا ہے چناں چہ سعودی عرب نے 17ستمبر کو پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کر لیا اور آپ اس معاہدے کا پہلا کمال دیکھ لیجیے‘ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی پر رضا مند ہو گیا۔ اب سوال یہ ہے کیا پاکستان اسرائیل کو تسلیم کر رہا ہے؟ یہ میں اگلے کالم میں عرض کروں گا۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



سعودی پاکستان معاہدہ


اسرائیل نے 9 ستمبر 2025ء کو دوحہ پر حملہ کر دیا‘…

’’ بکھری ہے میری داستان ‘‘

’’بکھری ہے میری داستان‘‘ محمد اظہارالحق کی…

ایس 400

پاکستان نے 10مئی کی صبح بھارت پر حملہ شروع کیا‘…

سات مئی

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر خارجہ اسحاق…

مئی 2025ء

بھارت نے 26فروری2019ء کی صبح ساڑھے تین بجے بالاکوٹ…

1984ء

یہ کہانی سات جون 1981ء کو شروع ہوئی لیکن ہمیں اسے…

احسن اقبال کر سکتے ہیں

ڈاکٹر آصف علی کا تعلق چکوال سے تھا‘ انہوں نے…

رونقوں کا ڈھیر

ریستوران میں صبح کے وقت بہت رش تھا‘ لوگ ناشتہ…

انسان بیج ہوتے ہیں

بڑے لڑکے کا نام ستمش تھا اور چھوٹا جیتو کہلاتا…

Self Sabotage

ایلوڈ کیپ چوج (Eliud Kipchoge) کینیا میں پیدا ہوا‘ اللہ…

انجن ڈرائیور

رینڈی پاش (Randy Pausch) کارنیگی میلن یونیورسٹی میں…