اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے بعد ایوان میں سیاسی جماعتوں کی موجودہ پوزیشن کا اعلان کر دیا ہے۔جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نشستوں کی مجموعی تعداد اب بڑھ کر 123 ہو چکی ہے، جن میں 13 مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں جو حال ہی میں الاٹ کی گئی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی مخصوص نشستوں میں سے 4 حاصل ہوئی ہیں، جس کے بعد ایوان میں اس کی مجموعی نمائندگی 74 نشستوں تک پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی قومی اسمبلی میں کل 22 نشستیں ہیں، جب کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی نشستوں کی تعداد مخصوص نشستیں ملنے کے بعد 10 ہو گئی ہے۔سیکریٹریٹ کے مطابق اس وقت قومی اسمبلی کی کل نشستیں 336 ہیں۔ ان میں 5 نشستیں آزاد امیدواروں کے پاس ہیں، جب کہ سنی اتحاد کونسل سے تعلق رکھنے والے اراکین کی تعداد 80 بتائی گئی ہے۔یہ فہرست ایوان میں جماعتی پوزیشن اور ممکنہ اتحادوں کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے۔