اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے جنگ سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کردی ۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے ایسی بات نہیں کی کہ دو ، تین دن میں جنگ چھڑ سکتی ہے ، میرے بیان کا غلط مطلب لیا۔
وزیر دفاع نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انٹر ویو کے دوران مجھ سے جنگ سے متعلق سوال ہوا تو میں نے جواب دیا کہ جنگ کا خطرہ موجود ہے اور اگلے دو ، تین دن اہم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھر پور جواب دیں گے ، پوری قوم تینوں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں ،ہم ذہنی طور پر جنگ کے لیے بالکل تیار ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے ،جنگ کی صورت میں ہم پوری قومی طاقت سے لڑیں گے اور اس کا مطلب ہے کہ ہم اپنے پاس موجود تمام صلاحیتوں کو استعمال کریں گے ۔