کراچی (این این آئی) ہاظم بنگوار کو اسسٹنٹ کمشنر (جنرل)کے عہدے سے ہٹانے کی وجہ سامنے آگئی۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد ہاظم بنگوار کا عدلیہ کے حکم پر عمل درآمد کروانا سرکار کو پسند نہیں آیا۔اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد کے ٹرانسفر پر کمشنر کراچی بھی حیران ہوگئے، چیف سکریٹری سندھ نے ٹرانسفر سے پہلے کمشنر کراچی کو اعتماد میں نہیں لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد عدلیہ کے حکم پر ڈپٹی سیکریٹری زاہد جونیجو اور فاطمہ صائمہ کی سرکاری رہائش گاہ خالی کروانا چاہتے تھے، ڈپٹی سیکریٹری زاہد جونیجو اور فاطمہ صائمہ نے سرکاری رہائش گاہ پر قبضہ کر رکھا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر بنگوار نے عدلیہ کے حکم پر دونوں افسران کو سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کے لئے نوٹس دیا تھا۔دونوں افسران دو سال سے کمشنر ہاوس کے سرکاری فلیٹس میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے۔ذرائع نے بتایا کہ کمشنرکراچی کی ہدایت پر عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو ہدایات جاری کی گئی تھیں۔