کراچی (نیوز ڈیسک)بحریہ ٹاون مستقبل قریب میں چار ٹی وی چینلز جس میں نیوز، انٹرٹینمنٹ، سپورٹس اور پراپرٹی کے چینلز شروع کئے جائیں گے۔ میڈیا ماہرین بحریہ ٹاون کی میڈیا انڈسٹری میں انٹری کو بہت بڑی پیشرفت قرار دے رہے ہیں ۔بحریہ ٹاون کے چیئرمین ملک ریاض کو لیڈنگ رئیل اسٹیٹ ڈویلپر مانا جاتا ہے اور ان کے منصوبوں کے اعلیٰ معیار کی دنیا بھر میں تعریف کی جاتی ہے۔ وہ ملک کی نمایاں مخیر شخصیت بھی ہیں۔ ان کا گزشتہ عشرے میں ترقی کی منازل طے کرنیوالی میڈیا انڈسٹری میں آنا ایک اہم پیشرفت ہے۔ گوکہ ملک میں بہت سے چینلز نشر ہورہے ہیں مگر معیار اور پروفیشنلزم کا سوال الیکٹرانک میڈیا کا پیچھا کر رہا ہے۔ اس حوالے سے بحریہ ٹاون جیسے بڑے سرمایہ کار کے اس شعبے میں آنے سے مجموعی طور پر اس شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ نیوز کے شعبے میں بحریہ ٹاون ایک ایسا چینل لانچ کرے گا جو ناظرین کو معیاری مواد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیا انڈسٹری کا حصہ بننے کے خواہشمند بڑی تعداد میں خواتین و حضرات کو بھی روزگار کے بہترین مواقع مہیا کرے گا۔ انٹرٹینمنٹ چینل فنکاروں، ڈائریکٹرز اور تکنیکی سٹاف کو اپنے کام کو فروغ دینے کے لئے بہترین مواقع مہیا کرے گا۔ ایک بڑی سرمایہ کاری سے مواد کے معیار اور پروڈکشن کے بہتر ہونے کی بھی توقع ہے۔سپورٹس چینل کے لانچ ہونے سے ملک میں کھیلوں کے فروغ کو بڑھاوا ملے گا اور چینل کی مدد سے مختلف اقدامات بھی کئے جائیں گے تاکہ ملک میں لیگز بن سکیں۔ پراپرٹی چینل سے اس شعبے کو تقویت ملے گی جبکہ اس شعبے میں بحریہ ٹا?ن پہلے ہی لیڈر کا درجہ رکھتا ہے۔ ان منصوبوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ملک ریاض کے بحریہ ٹاون کی انٹری سے میڈیا انڈسٹری کو بہت فروغ ملنے والا ہے۔