کراچی(نیوزڈیسک) سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی نے دبئی میں فیکٹری مالکان کے بیانات مکمل کر لئے ہیں۔ بھائیلہ برادران نے ارکان اسمبلی سمیت کئی اہم ناموں سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ بھائیلہ برادران کے مطابق بھتہ نہ دینے پرانہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی نے دبئی میں علی انٹر پرائزز کے مالکان کے مسلسل چار روز تک بیانات قلمبند کرکے کارروائی مکمل کرلی ہے ۔65 سے زائد صفحات پر مشتمل بیانات میں فیکٹری مالکان نے جے آئی ٹی کے سامنے سنسنی خیز انکشاف کئے ہیں اور کئی اہم ناموں سے پردہ بھی اٹھایا ہے۔ فیکٹری مالکان نے بتایا کہ ارکان اسمبلی انہیں ڈراتے اور دھمکیاں بھی دیتے تھے۔ فیکٹری میں ایک جماعت کے دباﺅ پر 200 افراد کو بھرتی بھی کیا۔ بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھائیلا برادران کا ریکارڈ کیا گیا بیان 67 صفحات پر مشتمل ہے۔، بھائیلا برادران کو ان کا بیان خفیہ رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ ٹاﺅن فیکٹری کے مالکان بھی آج رات واپس چلے جائیں گے۔دونوں بھائیوں کے بیانات کیمرے پر بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ فیکٹری میں آتشزدگی سے 289افرادجاںبحق ہوگئے تھے۔