اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آج جمعرات کو تاجروں کی تمام نمائندہ تنظیموں کا مشترکہ وفد نان فائیلرز کے بنک انسٹرومنٹس ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے پیدا شدہ صورتحال اور اسکے حل کیلئے وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی ا±مور نجکاری شماریات سینیٹر اسحاق ڈار سے کیو بلاک کانفرنس روم میں اہم ملاقات کرے گا۔جنگ رپورٹر حنیف خالد کے مطابق تاجروں کا وفد پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں مذاکرات کرے گا۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس ملاقات میں نان فائیلرز کے بنک انسٹرومنٹس پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی وجہ سے جو تحفظات تھے انکے مسائل کا کوئی حل نکال لیا جائے گا۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نان فائیلر زپر ود ہولڈنگ ٹیکس کو قطعاً واپس نہیں لےگی تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کا اس وفد کی قیادت کرنا اس بات کا غماز ہے کہ تاجروں کی تمام انجمنیں حکومت کی سفارشات ٹیکس نیٹ میں توسیع، معیشت کو دستاویزی بنانے کے اعلیٰ مقصد کے حصول میں تعاون پر اتفاق کرینگی۔ واضح رہے کہ جنگ تین روز پیشتر یہ انتہائی اہم خبر پہلے ہی شائع کر چکا ہے کہ حکومت اور تاجروں کے درمیان ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر تعطل دور کرنے کیلئے بریک تھرو چند روز میں ہو جائے گا۔ مذاکرات میں وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ، ایف بی آر کے سینئر ممبر برائے ان لینڈ ریونیو پالیسی و ترجمان شاہد حسین اسد، ایف بی آر کے ممبر آپریشنز اشرف خان اور ایف بی آر کے دوسرے سینئر عہدیدار موجود ہونگے