لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوں نے قائدنوازشریف کووفاقی حکومت نہ لینے کی تجویزدیتے ہوئے صرف پنجاب پر فوکس کرنے کامشورہ دے دیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایاہے کہ لیگی قائد نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پارٹی صدرشہبازشریف، مریم نواز، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب،سعدرفیق ، اعظم نذیرتارڑ، ایازصادق، احسن اقبال، رانا تنویر، سلمان شہبازاورملک احمدخان شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق شرکا نے نوازشریف کو وفاقی حکومت نہ لینے کی تجویز دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں (ن) لیگ اور آزاد اراکین مل کر آسانی سے حکومت بنا سکتے ہیں، ہمیں صرف پنجاب پر فوکس کرناچاہیے۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے بتایاکہ ن لیگ کی پنجاب میں آزاد اراکین کو ساتھ ملا کر تعداد 154ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف نے کہاکہ وفاقی حکومت بنانے کیلئے کسی اتحادی جماعت کی غیراصولی بات کونہیں ماننا چاہیے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں کچھ شرکاء نے کہاکہ وفاقی حکومت لینے کا صرف ایک مقصد ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے،اس وقت ریاست کوبچانے کی ضرورت ہے۔